مہر خبررساں ایجنسی نے العہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ انصار الله یمن کے سیاسی دفتر کے رکن عبدالله النعمی نے کہا ہے کہ یمن کی جانب سے سعودی بحری جہازوں اور تیل بردار جہازوں کی ناکہ بندی بدستور جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یمنی مسلح افواج کو حاصل ہونے والی نمایاں کامیابی نے سعودی عرب اور اس کے حکمرانوں کو پریشان کر دیا ہے۔
انصار الله کے سیاسی دفتر کے رکن نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاض کو یمن میں ہونے والے نقصانات کی سنگینی کا ادراک کرنا چاہیے۔
یاد رہے چند گھنٹے قبل، یمنی مسلح افواج کے ترجمان جنرل یحییٰ سریع نے اعلان کیا تھا کہ یمنی افواج نے خمیس مشیط میں واقع شاہ خالد ایئربیس کے خلاف ایک منفرد اور بڑے پیمانے پر فوجی کاروائی کامیابی سے انجام دی۔
انہوں نے کہا کہ مقررہ اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا گیا اور بڑے پیمانے پر نقصان بھی ہوا۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ انصار الله نے درجنوں میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے خمیس مشیط اڈے میں لڑاکا طیاروں کے ہینگرز، ریڈارز، لانچنگ پلیٹ فارمز اور ذخیرہ گاہوں کو نشانہ بنایا ہے۔
جنرل سریع نے واضح کیا کہ یہ کاروائی سعودی جارحیت کے جواب میں کی گئی، جس کے دوران گزشتہ پانچ دنوں میں یمن کے خلاف 300 سے زائد فضائی حملے کیے گئے۔ یہ حملے خمیس مشیط اور الطائف کے اڈوں سے سعودی ایف 15 اور ٹائفون جنگی طیاروں کے ذریعے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے جارحیت جاری رہنے تک سعودی عرب کے اندرونی علاقوں کے خلاف ہماری کاروائیاں جاری رہیں گی اور مستقبل میں ان کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ